لاہور(پنجاب پوسٹ) پنجاب حکومت کے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں پروگرام کے تحت جاری قرضوں اور گھروں کی تعمیر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب حکومت نے کم وقت میں 243 ارب روپے سے زائد کے بلاسود قرضے فراہم کیے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر رواں مالی سال میں قرضوں کی فراہمی کے اہداف میں دوگنا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
بریفنگ کے مطابق اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت منظور شدہ قرضوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی، جبکہ ایک لاکھ 14 ہزار 237 گھر مکمل ہو چکے ہیں اور 45 ہزار 254 گھروں پر تعمیراتی کام جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب بھر میں لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو، آپ کے علاقے میں بجلی بار بار کیوں جارہی ہے؟
وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے زیرِ التوا ادائیگیوں کے فوری اجرا اور پروگرام کے مانیٹرنگ میکنزم کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قرضوں کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔
اجلاس میں ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان، سی ای او اربن یونٹ عمر مسعود، بینک آف پنجاب اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی اور پروگرام پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔
بلال یاسین کا کہنا تھا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کا بنیادی مقصد مستحق خاندانوں کو باعزت اور محفوظ چھت فراہم کرنا ہے۔ بے گھر خاندانوں کے لیے بلاسود قرض گھر کی تعمیر کا آسان راستہ ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری وسائل کا رخ عوامی خدمت اور فلاحی منصوبوں کی جانب موڑ دیا ہے۔ انہوں نے پی آئی ٹی بی کو شکایات کے فوری ازالے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کوآرڈی نیشن مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔











