لاہور (پنجاب پوسٹ) فارن آفس لاہور کی جانب سے اپوسٹائل کروانے والے شہریوں کے لیے اہم سہولت متعارف کروا دی گئی ہے، جس کے تحت کورئیر کے ذریعے دستاویزات جمع کروانے والے شہریوں کو اب تقریباً پندرہ روز میں اپنے کاغذات واپس ملنے لگے ہیں۔
اس سے قبل کورئیر کے ذریعے کاغذات کی تصدیق اور واپسی میں ایک ماہ سے زائد کا وقت لگ جاتا تھا، تاہم موجودہ انتظامیہ کی جانب سے کورئیر سروس کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے، جس سے شہریوں کو بروقت سہولت میسر آ رہی ہے۔
تعلیمی اسناد سمیت مختلف اہم دستاویزات کی تصدیق کا عمل بھی مزید آسان بنا دیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کو ایجنٹ مافیا سے نجات دلانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
فارن آفس لاہور میں چند گھنٹوں کے اندر تصدیق شدہ دستاویزات کی فراہمی ممکن بنائی گئی ہے، جبکہ شدید گرمی کے پیش نظر شہریوں کے لیے ٹھنڈے کمرے، پینے کے پانی اور آرام دہ انتظار گاہوں کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی جے ایس کا دو روزہ چھٹا سالانہ ملائیشین ایجوکیشن ایکسپو لاہور راؤنڈ اختتام پذیر
بہتر انتظامات کے باعث فارن آفس میں رش میں نمایاں کمی آئی ہے اور شہریوں نے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا ہے۔
نوجوان عملہ عوامی خدمت کے جذبے سے فرائض انجام دے رہا ہے، جبکہ شہریوں کی سہولت اور سکیورٹی کے لیے مؤثر انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کو بہترین، شفاف اور بروقت خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔










