گوجرانوالہ، دھوم تھری کی ریہرسل،منشیات کی رانی کو پولیس سے بچاتے ہوئے رکشہ نہر میں گر گیا، زہر فروش خاتون ہلاک، رکشہ ڈرائیور فرار

گوجرانوالہ(پنجاب پوسٹ)گوجرانوالہ مختلف علاقوں میں پولیس کے دو مبینہ مقابلوں اور کارروائیوں کے دوران ریکارڈ یافتہ خاتون منشیات فروش ہلاک جبکہ دو خطرناک بین الاضلاعی ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔ تھانہ صدر کامونکی کے علاقے میں پولیس ناکے سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران مشکوک رکشہ تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر نہر میں جاگرا، جس کے نتیجے میں ریکارڈ یافتہ خاتون منشیات فروش رانی بی بی جاں بحق ہوگئی، جبکہ کارروائی کے دوران رکشے سے 4 کلوگرام منشیات بھی برآمد ہوئی۔


پولیس کے مطابق تھانہ صدر کامونکی کے علاقے میں پولیس نے ایک مشکوک رکشے کو ناکے پر روکنے کی کوشش کی، تاہم رکشہ ڈرائیور نے پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی۔ تیز رفتاری کے باعث رکشہ بے قابو ہوکر نہر میں جاگرا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم کو فوری طور پر موقع پر طلب کیا گیا، جہاں ریسکیو اہلکاروں نے خاتون کو نہر سے باہر نکالا۔
پولیس کے مطابق خاتون کی شناخت رانی بی بی کے نام سے ہوئی، جو منشیات فروشی کے درجن سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھی۔ رانی بی بی اقدامِ قتل کے مقدمے میں بھی 2025ء سے اشتہاری تھی۔ خاتون کو طبی امداد فراہم کی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔

پولیس نے رکشے سے 4 کلوگرام منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے رکشہ ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی او کامونکی کی زیر نگرانی سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی پولیس ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔

دوسری جانب تھانہ علی پور چٹھہ کے علاقے میں پولیس کے مبینہ مقابلے کے دوران دو ریکارڈ یافتہ اور خطرناک بین الاضلاعی ڈاکو تنویر اور زین العابدین کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان گوجرانوالہ کے علاوہ لاہور، حافظ آباد اور دیگر اضلاع میں ڈکیتی، راہزنی اور چوری سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان 34 سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں، جن میں ڈکیتی و راہزنی، چوری اور گجرات سی سی ڈی پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے کا مقدمہ بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان تھانہ علی پور چٹھہ کے ایک چوری کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ پر تھے۔ دورانِ برآمدگی تین نامعلوم ساتھیوں نے مبینہ طور پر پولیس حراست سے انہیں چھڑانے کی کوشش کی، جس کے دوران پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ پیش آیا۔ کارروائی کے بعد دونوں ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے جبکہ ان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور چوری شدہ موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی۔


سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے دونوں واقعات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کرلی۔ پولیس کے مطابق فرار ہونے والے تین نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی او وزیرآباد کی زیر نگرانی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے شہر بھر میں ناکہ بندی اور سرچ آپریشن جاری ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے