لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کے مطابق جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مجموعی طور پر 9 ہزار 326 مریضوں کو او پی ڈی جبکہ 5 ہزار 834 مریضوں کو ایمرجنسی سروسز فراہم کی گئیں۔ اس دوران 15 ہزار پیتھالوجی ٹیسٹ اور 3 ہزار 500 مختلف طبی تشخیصی پروسیجرز مکمل کیے گئے۔
ہسپتال میں اب تک ایک ہزار 575 ای سی جی، 115 انجیو پلاسٹی اور 11 سی ٹی انجیوگرافی کے پروسیجرز کیے جا چکے ہیں، جبکہ دل کی دھڑکن معمول پر رکھنے کے لیے پانچ مریضوں کو پیس میکرز بھی لگائے گئے۔
خواجہ سلمان رفیق کے مطابق ہسپتال میں اب تک ایک کارڈیک سرجری مکمل کی جا چکی ہے جبکہ آئندہ ہفتے مزید تین سرجریز کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔ ان میں 40 سالہ خاتون مریضہ کی ایٹریل سیپٹل ڈیفیکٹ (ASD) سرجری اور دو مریضوں کی کورونری آرٹری بائی پاس (CABG) سرجریز شامل ہیں۔ ہسپتال میں اب تک 5 ہزار 880 مریضوں کو ادویات بھی فراہم کی جا چکی ہیں۔
صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں معروف کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر فرقد عالمگیر اور پروفیسر ڈاکٹر حسنات احمد کی قیادت میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور، نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا، ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نواز شریف کارڈیک سنٹر مری میں بھی امراض قلب کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔












