زرعی ملک میں گندم کی وافر پیداوار کے باوجود قلت حکومتی بدانتظامی اور ناقص پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے،فیصل ندیم،مزمل ہاشمی

لاہور(پنجاب پوسٹ)آٹے کی بڑھتی قیمتوں، گندم کی قلت اور عوام کو درپیش مشکلات کے خلاف پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے زیرِ اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور احتجاجی کتبے اٹھا کر حکومت کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کروایا اور آٹے و گندم کے بحران پر فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔

احتجاج میں مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی ترجمان فیصل ندیم، صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ پنجاب ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، جنرل سیکرٹری لاہور چوہدری حمید الحسن گجر، صدر ملی لیبر فیڈریشن پاکستان رانا شمشاد سمیت دیگر رہنماؤں، کارکنوں اور شہریوں نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:جنوبی پنجاب میں خشک سالی کا خدشہ ، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا ، کون سی فصلیں متاثر ہونگی ؟

مظاہرین نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے، گندم کی عدم دستیابی اور عوام کی قوت خرید ختم ہونے کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے حکومتی پالیسیوں پر شدید تنقید کی۔ احتجاج میں روٹی کے بحران کو اجاگر کرنے کے لیے خالی تھیلے، توے اور گیس سلنڈر بطور علامتی احتجاج پیش کیے گئے، جبکہ شرکاء نے مختلف کتبوں اور پلے کارڈز کے ذریعے عوامی مشکلات اور حکومتی بے حسی پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ آٹے اور گندم کے بحران کا فوری نوٹس لیا جائے، عوام کو سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔فیصل ندیم کا کہنا تھا کہ زرعی ملک میں گندم اور چینی کی وافر پیداوار کے باوجود عوام بنیادی اشیائے خورونوش کے لیے ترس رہے ہیں، جو حکومتی بدانتظامی اور ناقص پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور کی فضائیں خاموش ہو رہی ہیں: چڑیوں کی چہچہاہٹ آخر کہاں کھو گئی؟

حکمرانوں کی منافع خوری اور عوام دشمن پالیسیوں نے زراعت کو تباہ جبکہ مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کو حقیقی ریلیف دے اور لوگوں کے گھروں کے چولہے جلانے اور بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائے۔ مرکزی مسلم لیگ عوامی حقوق کے تحفظ اور حکمرانوں کے احتساب کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی و دیگر کا کہنا تھا کہ آٹا اور روٹی ہر شہری کی بنیادی ضرورت ہے، عوام کو اپنی بنیادی خوراک کے حصول کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑنا حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے بحران پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے