لاہور(پنجاب پوسٹ) نیب لاہور کے زیر اہتمام ’وال آف کلچر 2026‘ کے عنوان سے شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چھ معروف جامعات کی آٹھ ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا مقصد آرٹ اور مصوری کے ذریعے بدعنوانی کے خلاف شعور اجاگر کرنا اور نوجوانوں میں دیانت داری، شفافیت اور جواب دہی کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر ’’ایک دیوار، کئی فنکار، ایک پیغام: بدعنوانی کو انکار‘‘ کا سلوگن بھی جاری کیا گیا۔

تقریب میں 48 طلبہ و طالبات نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے دیانت داری اور بدعنوانی کے خاتمے کا پیغام پیش کیا۔ ڈی جی نیب مرزا فاران بیگ نے وال آف کلچر کا دورہ کیا اور طلبہ و طالبات کی مصوری کو سراہا۔ انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔
یہ بھی پڑھیں؛عمرے کی آڑ میں ڈنکی کا کاروبار، ایف آئی اے نے ملتان ائیرپورٹ سے دو مسافر کیسے پکڑے؟
اس موقع پر ڈی جی نیب مرزا فاران بیگ کا کہنا تھا کہ بدعنوانی سے پاک معاشرہ ہی روشن اور بااختیار مستقبل کی ضمانت ہے۔ نوجوانوں کے ساتھ مل کر احتساب اور دیانت داری کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ شہریوں کو بدعنوانی مسترد کرکے مثبت سماجی اقدار اپنانی چاہئیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ بدعنوانی کے خلاف نیب اور نوجوانوں کا یہ سفر ہمیشہ جاری رہے گا۔














