مریم نواز کا انقلابی قدم،اب لاہور سے اسلام آباد کا سفر صرف سوا دو گھنٹے رہ جائے گا

لاہور(پنجاب پوسٹ)سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے یو ایس قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز سے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں مصنوعی ذہانت (AI) کے فروغ، زراعت، کلائمیٹ، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پنجاب حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور مختلف شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی زیرِ بحث لایا گیا۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پنجاب میں کلائمیٹ، ایگریکچر، سیف سٹیز اور دیگر شعبوں کو مصنوعی ذہانت سے منسلک کیا جا رہا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مصنوعی ذہانت کے حوالے سے باقاعدہ محکمہ بھی قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حکومتی نظام اور عوامی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ٹیم میں شامل وزراء نوجوان، متحرک اور کام کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ کی خصوصی توجہ صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے شعبوں پر مرکوز ہے، جبکہ پنجاب میں پاکستان کی پہلی کلائمیٹ آبزرویٹری بھی قائم کی جا رہی ہے۔

ملاقات میں پنجاب حکومت کے بڑے ٹرانسپورٹ منصوبوں کا بھی ذکر ہوا۔ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پنجاب حکومت ہائی سپیڈ ٹرین اور 5 ہزار الیکٹرک بسوں کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ پنجاب کے بڑے 8 روٹس پر ہائی سپیڈ ٹرین اور الیکٹرک بسوں کے منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے، جبکہ اسلام آباد سے لاہور ہائی سپیڈ ٹرین کے ذریعے سفر کا دورانیہ تقریباً 2 گھنٹے 15 منٹ ہونے کی توقع ہے۔

زراعت اور فوڈ سکیورٹی کے حوالے سے مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فوڈ اور زراعت کی ترقی کے لیے پیفڈا قائم کیا ہے۔ ان کے مطابق پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تشکیل دیا جا رہا ہے، جبکہ امریکا کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے ایریگیشن، فارمنگ، لائیو سٹاک ویلیو چین، تعلیم اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی بات چیت ہوئی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ امریکی تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھا کر پنجاب میں زراعت سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے لاہور میں کھیلوں اور انٹرٹینمنٹ کے شعبے میں موجود وسیع امکانات پر بھی روشنی ڈالی۔

ملاقات کے دوران سینئر صوبائی وزیر نے یو ایس قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز کو بسنت کے موقع پر بچوں اور خاندان کے ہمراہ لاہور آنے کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ بسنت کے موقع پر لاہور کی ثقافتی، کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کے مواقع موجود ہوں گے۔

یو ایس قونصل جنرل نے ملاقات کے دوران مریم اورنگزیب کی ساس کی طبیعت کے بارے میں بھی دریافت کیا، جس پر سینئر صوبائی وزیر نے قونصل جنرل کی آمد اور تعاون کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے