گوجرانوالہ میٹرو منصوبہ کب مکمل ہوگا؟ مریم نواز نے تاریخ دے دی، عمران خان کے لگائے گئے 5 ہزار درختوں کا کیا بنے گا؟

گوجرانوالہ (پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ ییلو لائن ماس ٹرانزٹ منصوبے کی تکمیل کے لیے مارچ 2027 کی ڈیڈ لائن مقرر کرتے ہوئے منصوبے کو مقررہ مدت میں ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ نے فیصل آباد اور گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر تعمیراتی کام تیز کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں گوجرانوالہ ییلو لائن اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے دونوں منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے تعمیراتی سرگرمیوں، انفراسٹرکچر کی منتقلی، ڈرینج، یوٹیلیٹی لائنز، سٹیشنز اور دیگر متعلقہ کاموں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ ییلو لائن اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ منصوبوں پر جاری کام کا ڈرون فوٹیج کے ذریعے بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی تعمیر میں رفتار مزید تیز کی جائے اور مقررہ ٹائم لائن کے مطابق تمام مراحل مکمل کیے جائیں۔

وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ ییلو لائن ماس ٹرانزٹ منصوبے کی تکمیل کے لیے مارچ 2027 کی ڈیڈ لائن مقرر کرتے ہوئے واضح کیا کہ منصوبے کی ڈیڈ لائن کسی صورت آگے نہیں جانی چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کو تیز کرنے کے لیے تین شفٹوں میں کام کروانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہو سکے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ ییلو لائن ماس ٹرانزٹ منصوبہ 31.5 کلومیٹر طویل ہوگا، جس میں مجموعی طور پر 25 سٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے، جن میں 2 انڈر گراؤنڈ سٹیشنز شامل ہوں گے۔ منصوبے کے تحت شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے 12 انڈر پاسز، 35 کلومیٹر سروس لائن اور سگنل فری یوٹرنز بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

بریفنگ کے مطابق گوجرانوالہ ییلو لائن منصوبے کا تقریباً ایک تہائی کام تکمیل کے قریب پہنچ چکا ہے۔ منصوبے کے راستے میں آنے والے انفراسٹرکچر کی منتقلی کے حوالے سے بھی پیشرفت جاری ہے، جبکہ اب تک 1233 پولز اور 552 ٹرانسفارمرز منتقل کیے جا چکے ہیں۔

گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ منصوبے کے لیے مختلف بنیادی سہولیات کی منتقلی اور نئی لائنوں کی تنصیب کا کام بھی جاری ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے لیے 15 ہزار فٹ سیوریج لائن، 12 ہزار فٹ واٹر سپلائی لائن اور 11 ہزار فٹ گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی۔

بریفنگ کے مطابق گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے لیے 62 کلومیٹر طویل ڈرین کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے، جس پر تقریباً 40 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے شہر میں نکاسی آب اور ٹریفک کے نظام میں بہتری لانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

اجلاس میں فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم منصوبے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم 20.3 کلومیٹر طویل ہوگا، جبکہ منصوبے کے تحت 11.1 کلومیٹر اوور ہیڈ برج تعمیر کیے جائیں گے۔

بریفنگ کے مطابق فیصل آباد ماس ٹرانزٹ منصوبے کے لیے 1835 درختوں کی ری پلانٹیشن کی گئی ہے۔ منصوبے میں 15 کلومیٹر سوئی گیس لائن اور 12 بس سٹاپس بھی شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ترقیاتی منصوبوں میں درختوں کے تحفظ اور ماحولیاتی توازن کو بھی خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق گوجرانوالہ اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ منصوبوں میں مجموعی طور پر تقریباً 5 ہزار درختوں کی ری پلانٹیشن کا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درختوں کی حفاظت اور جہاں ضرورت ہو وہاں درختوں کی مناسب ری پلانٹیشن یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو عوام کو درپیش مشکلات کا مکمل اندازہ ہے اور اسی وجہ سے ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی بروقت تکمیل انتہائی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعمیراتی منصوبوں کی وجہ سے شہریوں کو پہلے ہی مشکلات کا سامنا ہے، اس لیے کام کو غیر ضروری طور پر طول نہیں دیا جا سکتا۔

مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹس کی ٹائم لائن کو کسی صورت آگے نہیں جانا چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے اور منصوبوں کی تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہریوں کو مزید تکلیف نہیں ہونی چاہیے، اس لیے تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منصوبوں کے دوران ٹریفک مینجمنٹ، شہری سہولیات، یوٹیلیٹی سروسز اور ماحولیاتی تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو جدید، بہتر اور منظم سفری سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ ٹریفک کے مسائل میں کمی اور شہری انفراسٹرکچر میں بہتری آئے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے