لاہور ( پنجاب پوسٹ ) سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی ہدایت پر وائلڈ لائف رینجرز نے صوبہ بھر میں جنگلی پرندوں کی غیر قانونی تجارت، شکار اور نیٹنگ کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 26 ملزمان کے چالان کر دیے۔
وائلڈ لائف حکام کے مطابق کارروائیوں کے دوران 8 درجن طوطے، 2 کالے تیتر اور 2 کیسٹرل برآمد کیے گئے جبکہ 10 نیٹنگ گئیر اور 7 پنجرے بھی ضبط کر لیے گئے۔ غیر قانونی شکار اور جنگلی پرندوں کی تجارت میں ملوث 10 ملزمان کے خلاف ایف آئی آرز درج کی گئیں جبکہ 6 ملزمان کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب بھر میں جنگلی حیات کے غیرقانونی شکار کے خلاف کریک ڈاؤن، 7 شکاری گرفتار
کارروائیوں کے دوران درجنوں جنگلی پرندوں کو تحویل میں لے کر قدرتی ماحول میں آزاد کر دیا گیا۔

نارووال میں وائلڈ لائف رینجرز نے ایک بدنام ڈیلر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 60 گانیدار طوطے برآمد کیے۔ ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا، جبکہ عدالت نے برآمد کیے گئے طوطوں کو جنگل میں چھوڑنے کا حکم دیا۔
بہاولنگر میں بھی جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار اور تجارت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 11 ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی اور متعدد پرندے برآمد کیے گئے۔
مزید پڑھیں : چونیاں میں پنجاب وائلڈ لائف کا بڑا کریک ڈاؤن، غیر قانونی شکاریوں کے خلاف شکنجہ سخت ، لاکھوں روپے جرمانے عائد
راجن پور میں کارروائی کے دوران ایک کیسٹرل برآمد ہوا جبکہ ملزم کو 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ ملتان، اٹک اور راولپنڈی میں بھی وائلڈ لائف رینجرز نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی شکار اور نیٹنگ میں ملوث افراد کے خلاف ایکشن لیا۔

وائلڈ لائف حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں غیر قانونی شکار، نیٹنگ اور جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : 1928 میں تعمیر ہونے والا دنوئی ریسٹ ہاوس کی تزین و آرائش کا کام جاری۔ سیاحوں کے لیے جلد کھولنے کا ارادہ
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار، خرید و فروخت یا نیٹنگ کی اطلاع متعلقہ وائلڈ لائف حکام کو دیں اور جنگلی حیات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔













