لاہور( پنجاب پوسٹ) محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب نے صوبہ بھر میں جنگلی حیات کے تحفظ اور غیرقانونی شکار کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے لاہور، شیخوپورہ، جہلم اور جھنگ میں مزید 7 افراد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان محکمہ جنگلی حیات کے مطابق غیرقانونی شکار میں ملوث 6 ملزمان کو مجموعی طور پر تقریباً 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ ایک ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
لاہور کے علاقے انارکلی میں کارروائی کے دوران ایک چڑی فروش کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے تقریباً تین درجن زندہ چڑیاں برآمد کی گئیں، جنہیں بعد ازاں قدرتی ماحول میں آزاد کر دیا گیا۔ شیخوپورہ میں چڑیوں کی غیرقانونی نیٹنگ کرنے والے ایک شکاری کو گرفتار کر کے 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
اسی طرح ضلع جہلم میں جنگلی خرگوش اور تیتر کے غیرقانونی شکار میں ملوث چار افراد کو گرفتار کر کے ایک لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ جھنگ میں جنگلی چڑیوں کے غیرقانونی شکار پر ایک ملزم کو 50 ہزار روپے محکمانہ جرمانہ کیا گیا۔
دوسری جانب پیرووال وائلڈ لائف پارک میں کالے ہرنوں کی افزائش کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، جہاں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران آٹھ ننھے کالے ہرن پیدا ہوئے ہیں۔
محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب کا کہنا ہے کہ سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی ہدایات پر جنگلی حیات کے تحفظ، غیرقانونی شکار اور جنگلی حیات کی غیرقانونی تجارت کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا، جبکہ قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے قانون پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔









