چونیاں میں پنجاب وائلڈ لائف کا بڑا کریک ڈاؤن، غیر قانونی شکاریوں کے خلاف شکنجہ سخت ، لاکھوں روپے جرمانے عائد

چونیاں(پنجاب پوسٹ)پنجاب وائلڈ لائف رینجرز نے غیر قانونی شکار کے خلاف بڑا اور فیصلہ کن کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد شکاریوں کو گرفتار کر لیا، جبکہ لاکھوں روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ ڈی جی وائلڈ لائف پنجاب کی خصوصی ہدایات پر ہونے والے اس سرپرائز آپریشن میں نایاب اور محفوظ جنگلی حیات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مختلف علاقوں میں بیک وقت کارروائیاں کی گئیں، جس سے غیر قانونی شکار میں ملوث عناصر میں کھلبلی مچ گئی۔وائلڈ لائف حکام کے مطابق تحصیل چونیاں کے علاقوں بدھوکی، لعناسنگھ، آہلووال، بھیڑ، سوڈیوال، شاہ عنایت اور گردونواح میں خصوصی چھاپے مارے گئے۔

کارروائیوں کے دوران متعدد افراد کو غیر قانونی شکار کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، جبکہ شکار کے لیے استعمال ہونے والا سامان، اسلحہ اور شکار کیے گئے نایاب پرندے و جنگلی جانور بھی قبضے میں لے لیے گئے۔حکام نے بتایا کہ تحصیل چونیاں میں کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 2 لاکھ 35 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ ضلع قصور بھر میں غیر قانونی شکاریوں پر 5 لاکھ روپے سے زائد جرمانے کیے گئے ہیں۔وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے تمام ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی شکار نہ صرف قانوناً جرم ہے بلکہ یہ جنگلی حیات اور قدرتی ماحول کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے، جس کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔ڈی سی ڈبلیو آر نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور غیر قانونی شکار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ جنگلی حیات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں اور کسی بھی غیر قانونی شکار کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے