لاہور(پنجاب پوسٹ) لاہور ٹریفک پولیس نے چپ جلوس کے سلسلے میں ٹریفک انتظامات مکمل کر لیے۔ کربلا گامے شاہ سے پانڈو اسٹریٹ اور واپس کربلا گامے شاہ تک جانے والے جلوس کے لیے خصوصی ٹریفک پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ جلوس رات 9 بجے کربلا گامے شاہ واپس پہنچے گا۔
ماڈل ٹاؤن سے چپ جلوس دوپہر ایک بجے برآمد ہوگا اور دو بجے واپسی پر اختتام پذیر ہوگا۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق کسی بھی روڈ کو مکمل طور پر ٹریفک کے لیے بند نہیں کیا جائے گا، جبکہ جلوس کے گزرنے کے ساتھ ہی ڈائیورشنز ٹریفک کے لیے کھول دی جائیں گی۔
پیرمکی، ایم اے او کالج، چرچ چوک، جین مندر چوک اور استنبول سے ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔ بھاٹی چوک سے ضلع کچہری، ایم اے او کالج سے سول سیکریٹریٹ، گورنمنٹ کالج سے ضلع کچہری، آؤٹ فال روڈ سے ضلع کچہری اور سگیاں گول چکر سے بھی ٹریفک کو ڈائیورٹ کیا جائے گا۔
سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ ایمبولینسز اور دیگر ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے راستے کلیئر رکھے جائیں گے۔ ایس ایس پی سٹی زون مقصود لون اور ایس ایس پی خضر زمان کی نگرانی میں 6 ڈی ایس پیز تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ چپ جلوس کے لیے 400 سے زائد ٹریفک وارڈنز اور 9 فوک لفٹرز بھی تعینات ہوں گے۔
شہریوں کو ٹریفک صورتحال اور متبادل راستوں سے متعلق راستہ ایپ، راستہ ایف ایم، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے آگاہ رکھا جائے گا۔ شہری مزید رہنمائی اور سہولت کے لیے ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔














