سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ) 12 ربیع الاول کے سلسلے میں ضلع بھر میں 187 میلاد جلوس اور 40 محافل منعقد ہوں گی، انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ دوست محمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر صولت وٹو، ضلعی امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ اصغر علی چیمہ سمیت میلاد جلوسوں اور محافل کے منتظمین نے شرکت کی۔
اجلاس میں 12 ربیع الاول کے موقع پر ہونے والے تمام پروگرامز کے انتظامات، سیکیورٹی، صفائی، ٹریفک اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کہا کہ میلاد جلوسوں اور محافل کو پرامن انداز میں منعقد کرنے کے لیے علماء کرام اور منتظمین کا تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ 11 ربیع الاول تک شہر میں لائٹنگ اور سجاوٹ کے انتظامات مکمل کیے جائیں، جبکہ واسا اور ضلع کونسل صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام میلاد جلوسوں کو مقررہ روٹس اور اوقات کی پابندی کرنے اور ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ دوست محمد نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں پورے ڈویژن میں سب سے زیادہ میلاد پروگرام منعقد ہوں گے، جو ضلع کے لیے اعزاز ہے۔
ڈی پی او کے مطابق تمام میلاد جلوسوں کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، شر انگیزی اور ہلڑ بازی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیا جائے گا۔
انہوں نے میلاد جلوسوں کے منتظمین سے اپیل کی کہ رضاکاروں کو متحرک رکھا جائے، سیکیورٹی اہلکاروں سے تعاون کیا جائے اور جلوسوں کے دوران ٹریفک کے بہاؤ کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے 12 ربیع الاول کے تمام پروگرامز کو پرامن، محفوظ اور منظم انداز میں منعقد کرانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔










