کچے کے علاقے میں ترقی و خوشحالی کا دور، اس امن و آشتی کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں کی دوسری برسی

لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور سانحہ کچہ ماچھکہ میں ڈاکوؤں کے بزدلانہ حملے کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے پنجاب پولیس کے 12 اہلکاروں کی دوسری برسی آج منائی جا رہی ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہداء پولیس کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے عظیم سپوتوں اور ان کی فیملیز کو سلام پیش کرتے ہیں۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم کے مطابق 22 اگست 2024 کو کچہ کے ڈاکوؤں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیس اہلکاروں پر چھپ کر بزدلانہ حملہ کیا، جس کے نتیجے میں پنجاب پولیس کے 12 اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں پولیس فورس کے عزم اور حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ کچہ کے ڈاکوؤں کے خلاف پولیس آپریشن بھرپور طاقت کے ساتھ جاری ہے اور شہید جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ ریاست دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ علاقے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سانحہ کچہ ماچھکہ میں شہید ہونے والوں میں ایک ہیڈ کانسٹیبل، 10 کانسٹیبلز اور ایک لانگری شامل تھے۔ شہداء میں ہیڈ کانسٹیبل نذر عباس، کانسٹیبلز محمد عمران، اجے رام، بیرم رام، راشد محمود اور محمد ساجد شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق کانسٹیبلز زاہد حسین، انس ستار، عبداللہ بن مظہر، محمد احمد، راجا کنول اور لانگری محمد منیر نے بھی فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کیا۔

پنجاب پولیس نے شہداء کے اہلخانہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پولیس کے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور کچہ کے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے