عید میلاد النبی ﷺ پر پنجاب میں کتنی تقاریب ہونگی، سیکورٹی کے کیا انتظامات کئے جائیں گے؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس ہوا جس میں عید میلاد النبی ﷺ کے سکیورٹی انتظامات، کرائم کنٹرول، غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلا اور دیگر اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں موجودہ سرحدی صورتحال کے پیش نظر عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر گزشتہ سال کی نسبت مزید سخت اور مؤثر سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ گزشتہ سال کے سکیورٹی آرڈر کو مدنظر رکھتے ہوئے عید میلاد النبی ﷺ کے لیے جامع اور مربوط سکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے بھر میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر 55 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

آئی جی پنجاب نے حساس مقامات، میلاد النبی ﷺ کی ریلیوں، محافل اور دیگر پروگرامز پر اضافی پولیس نفری تعینات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور جرائم کا خاتمہ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو کرائم میں کمی کی شرح برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے افغان سمیت تمام غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب پولیس اب تک ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد غیر قانونی مقیم افغان اور دیگر غیر ملکی باشندوں کا انخلا یقینی بنا چکی ہے۔

آئی جی پنجاب نے انڈر ٹرائل ملزمان کی پولیس کسٹڈی اور نقل و حرکت کے دوران سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ پولیس حراست سے کسی بھی انڈر ٹرائل ملزم کے فرار کے واقعے پر متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

تھانوں کے امور کی روزمرہ سپرویژن اور مانیٹرنگ بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔ آئی جی پنجاب نے امن دشمن سرگرمیوں میں ملوث کالعدم تنظیموں کے اشتہاری مجرمان کی گرفتاری یقینی بنانے پر زور دیا۔

گمشدہ خواتین کی بازیابی کے حوالے سے آئی جی پنجاب نے انویسٹی گیشن پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ڈی پی اوز کو خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ خصوصی ٹیمیں گمشدہ خواتین کی بازیابی کے لیے اقدامات کریں گی اور ہر 15 روز بعد کارکردگی رپورٹ پیش کریں گی۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی مانیٹرنگ، اے آئی جی آپریشنز، اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی سمیت دیگر سینئر افسران شریک ہوئے، جبکہ ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے