لاہور (پنجاب پوسٹ)لاہور میں مضرِ صحت گوشت مافیا کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کے حکم پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لاہور خواجہ عمیر نے طلعت پارک، بند روڈ پر قائم میٹ اسٹوریج ہاؤس پر چھاپہ مار کر 500 کلو مضرِ صحت اور ناقص گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا، جبکہ یونٹ کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران گوشت میں پیپ زدہ گٹھلیاں، زخم، نامکمل خون نکاسی اور تعفن کے شواہد پائے گئے۔ گوشت پر مکھیوں کی بھرمار تھی جبکہ سٹوریج ایریا کی صفائی ستھرائی اور مجموعی حالت بھی انتہائی ناقص پائی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:سرگودھا: 2 ہزار کلو فنگس زدہ اچار، 440 کلو ملاوٹی مصالحہ جات تلف، 2 یونٹس سیل
موقع پر موجود ویٹرنری اسپیشلسٹ نے گوشت کا تفصیلی معائنہ کیا اور اسے انسانی استعمال کے لیے مضر قرار دیا، جس کے بعد 500 کلو ناقص گوشت تلف کر دیا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کا کہنا ہے کہ میٹ پروسیسنگ یونٹس فوڈ سیفٹی قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔ جعلساز مافیا کے تمام ہتھکنڈے ناکام بنانے کے لیے فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں 24 گھنٹے متحرک ہیں۔
راجہ منصور احمد نے شہریوں کو بھی ہدایت کی کہ اشیائے خورونوش خریدنے سے قبل لیبل پڑھنے کی عادت اپنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صحت مند پنجاب کی تکمیل کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔











