سانحہ پمز ، کمشنر لاہور کا سروسز ہسپتال کا دورہ، ایمرجنسی انخلا، لفٹس اور ریمپ کا جائزہ، کہاں غفلت سامنے آئی؟

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شہر کے تمام ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا ازسرنو جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے سروسز ہسپتال کا دورہ کرکے حفاظتی انتظامات اور سیفٹی آڈٹ کا معائنہ کیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز عبداللہ خان اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں اور شہریوں کے بحفاظت انخلاء کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔

سائرن بجنے کے بعد مریضوں اور شہریوں کو محفوظ راستوں کے ذریعے ہسپتال سے باہر نکالنے کے طریقہ کار کا مظاہرہ کیا گیا، جبکہ انخلاء کے دوران مریضوں کو فراہم کی جانے والی ضروری طبی امداد کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ ہسپتال کے تمام ایمرجنسی راستے ہر وقت کلیئر اور مکمل طور پر فعال رکھے جائیں، عملے کی باقاعدگی سے تربیت اور حاضری یقینی بنائی جائے اور فائر سیفٹی و ریسکیو آلات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ طبی عملہ ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل کے لیے ہمہ وقت الرٹ رہے، جبکہ مریضوں اور لواحقین کی رہنمائی کے لیے انخلاء کے راستوں پر واضح سائن بورڈز نصب کیے جائیں۔ ہسپتال کی تمام لفٹس اور ریمپس کی ورکنگ کنڈیشن کا روزانہ معائنہ بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

ڈی سی لاہور علی اعجاز نے کہا کہ ہسپتالوں کو شہریوں کے لیے مکمل محفوظ بنایا جا رہا ہے، ہنگامی حالات میں مریضوں اور شہریوں کا بروقت انخلاء انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انتظامیہ تمام ہسپتالوں میں حفاظتی انتظامات کی سخت مانیٹرنگ کر رہی ہے اور ایمرجنسی ریسپانس پلان کو بہترین معیار کے مطابق بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایمرجنسی ایگزٹ پلان میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ہسپتالوں میں حفاظتی انتظامات کو فول پروف بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے