ایف بی آر پنجاب کے چھوٹے شہروں تک پہنچنے لگا، آسان اور سادا انداز میں ٹیکس ریٹرن کیلئے کیا طریقہ کار اختیار کیا جارہا ہے؟

بہاولنگر ( پنجاب پوسٹ ) ہارون آباد میں ایف بی آر کی جانب سے سمال ٹریڈرز کے لیے ٹیکس آسان سکیم اور سمپلی فائیڈ ٹیکس ریٹرن کے حوالے سے آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مرکزی انجمن تاجران کے وفد سمیت شہر بھر سے تاجر نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد تاجر برادری کو ٹیکس آسان سکیم، سمپلی فائیڈ ٹیکس ریٹرن برائے سمال ٹریڈرز اور ریٹیلرز کے لیے دستیاب سہولیات و فوائد سے آگاہ کرنا تھا۔

ایف بی آر یونٹ ہارون آباد اور یونٹ چشتیاں کے زیر اہتمام ہونے والی ورکشاپ میں کمشنر ان لینڈ ریونیو بہاولپور زون ممتاز احمد، ایڈیشنل کمشنر خالد سلطان سمیت ایف بی آر کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایف بی آر حکام نے تاجروں کو نئی ٹیکس سکیم کے خدوخال، رجسٹریشن کے طریقہ کار، ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کے عمل اور سکیم سے حاصل ہونے والے فوائد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

کمشنر ان لینڈ ریونیو ممتاز احمد نے تاجر نمائندگان کو بتایا کہ سمال ٹریڈرز اور ریٹیلرز کے لیے ٹیکس نظام میں شمولیت کو آسان بنانے کے لیے ٹیکس آسان سکیم متعارف کرائی گئی ہے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق ایسے ریٹیلرز جن کی سالانہ سیل 20 کروڑ روپے تک ہے، اس سکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ورکشاپ کے دوران تاجروں کو سمپلی فائیڈ ٹیکس ریٹرن کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا اور انہیں بتایا گیا کہ ریٹرن فائل کرنے کے عمل کو کس طرح آسان بنایا جا سکتا ہے۔

ایف بی آر افسران نے تاجروں کے مختلف سوالات اور تحفظات بھی سنے اور ان کے جوابات دیے۔ حکام کی جانب سے تاجروں کو ٹیکس قوانین، ریٹرن فائلنگ اور نئی سکیم سے متعلق عملی معلومات فراہم کی گئیں تاکہ کاروباری افراد کو ٹیکس نظام میں شمولیت کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران کے صدر راجہ آصف محمود جنجوعہ، جنرل سیکرٹری ملک محمد ریاض خلجی اور دیگر تاجر رہنماؤں نے ایف بی آر حکام سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیکس آسان سکیم کے حوالے سے اپنے تحفظات اور تجاویز پیش کیں۔ تاجر نمائندگان نے کہا کہ کاروباری برادری کو ٹیکس قوانین اور نئی سکیموں کے بارے میں براہ راست آگاہی فراہم کرنا ایک مثبت اقدام ہے، تاہم سکیم پر عملدرآمد کے دوران تاجروں کو درپیش عملی مسائل کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے۔

تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ایسی آگاہی ورکشاپس کے ذریعے تاجروں میں ٹیکس قوانین کے حوالے سے شعور پیدا ہوگا اور ٹیکس نظام میں شمولیت کا عمل مزید آسان بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے ایف بی آر حکام کو یقین دہانی کروائی کہ ضلع بہاول نگر میں ٹیکس آسان سکیم کی کامیابی اور تاجر برادری تک اس کے فوائد پہنچانے کے لیے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔

ورکشاپ کے اختتام پر ایف بی آر حکام اور تاجر نمائندگان نے اس امر پر اتفاق کیا کہ ٹیکس نظام سے متعلق آگاہی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ سمال ٹریڈرز اور ریٹیلرز کو نئی ٹیکس سکیموں، ریٹرن فائلنگ اور قانونی تقاضوں کے بارے میں مکمل رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے