لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب میں پولیس نفری کی شدید کمی اور بڑھتے ہوئے عوامی دباؤ کے پیشِ نظر حکومت نے 3565 کانسٹیبلز، لیڈی کانسٹیبلز اور ٹریفک اسسٹنٹس کی فوری بھرتی کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے بھرتی پر عائد پابندی میں نرمی کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کو سمری ارسال کردی ہے، منظوری ملنے کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر میں بھرتیوں کا عمل شروع کیا جائے گا۔
سمری میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب پولیس کو ہیومن ریسورس کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ آبادی کے لحاظ سے اس وقت ایک کانسٹیبل پر 940 افراد کی ذمہ داری ہے، جبکہ پولیس رولز کے مطابق ایک کانسٹیبل کے ذمے تقریباً 450 افراد ہونے چاہئیں۔
سمری کے مطابق 12 کروڑ 70 لاکھ آبادی والے پنجاب میں پولیس پر دباؤ دن بدن بڑھ رہا ہے، جس کے باعث موجودہ نفری عوام کو مؤثر پولیسنگ فراہم کرنے کے لیے ناکافی ہے۔
آئی جی پنجاب نے کانسٹیبلز اور لیڈی کانسٹیبلز کی 3565 خالی اسامیوں پر فوری بھرتی کی منظوری دینے کی سفارش کی ہے۔ سمری میں بتایا گیا ہے کہ ہر سال ریٹائرمنٹ، وفات یا ملازمت سے برخاستگی کے باعث 3000 سے 4000 کانسٹیبلز کی اسامیاں خالی ہو جاتی ہیں، جس سے پولیس نفری کی کمی مزید بڑھتی ہے۔
سمری کے مطابق نئی بھرتیوں سے حکومت پر کوئی اضافی مالی بوجھ نہیں پڑے گا اور بھرتی ہونے والے اہلکاروں کے اخراجات موجودہ بجٹ سے پورے کیے جائیں گے۔
آئی جی پنجاب نے بھرتی کے لیے کابینہ کی اسٹینڈنگ کمیٹی سے منظوری حاصل کرنے کی سفارش بھی کی ہے۔ منظوری کے بعد لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل شروع کیا جائے گا۔












