گورنر پنجاب سے چیف الیکشن کمشنر کی ملاقات، کیا پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں ہورہی ہیں؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ملاقات کی، جس میں ملک میں انتخابی عمل کو مزید شفاف، مؤثر اور قابلِ اعتماد بنانے سمیت انتخابات میں اصلاحات کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ انتخابی عمل کو مؤثر اور شفاف بنانا الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسا ضابطہ اخلاق تیار کیا جائے جس سے انتخابی شفافیت میں اضافہ ہو، تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع میسر آئیں اور عوام کا جمہوری عمل پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ انتخابات کے فوری بعد پوری قوم کی نظریں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے جانے والے نتائج پر ہوتی ہیں، اس لیے انتخابی نتائج کی تیاری اور اعلان کے عمل میں شفافیت اور اعتماد کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔ قوم کی خواہش ہے کہ ملک میں انتخابات صاف، شفاف اور غیرجانبدارانہ انداز میں منعقد ہوں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں جمہوری نظام کے علاوہ کوئی چارہ نہیں اور اسی نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ پیپلز پارٹی ملک میں جمہوری نظام کی مضبوطی اور اس کے تسلسل پر یقین رکھتی ہے، جبکہ حقیقی تبدیلی صرف عوام ہی لا سکتے ہیں۔ ایک مستحکم اور جمہوری نظام کے لیے معاشرے کے ہر فرد کا فعال کردار انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ووٹ کے تقدس کو برقرار رکھیں اور انتخابی عمل کی شفافیت کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ گورنر پنجاب نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ آئندہ انتخابات سے قبل ووٹرز کے اندراج کے عمل کو مکمل اور مؤثر بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل شہری اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کر سکیں۔

سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ ووٹ عوام کی امانت ہے اور اس میں کی جانے والی خیانت قومیں مدتوں بھگتتی ہیں، اس لیے انتخابی عمل کے ہر مرحلے میں قانون، شفافیت اور عوامی اعتماد کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے