راولپنڈی(پنجاب پوسٹ)میں کسی بھی ناخوشگوار اور غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کی تعیناتی کا معاملہ سامنے آگیا، محکمہ داخلہ پنجاب نے ضلع راولپنڈی میں فوج تعینات کرنے کے لیے وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا، جبکہ تعیناتی کے حوالے سے سمری بھی تیار کرلی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی درخواست پر وفاقی حکومت سے ضلع راولپنڈی میں پاک فوج کی خدمات طلب کی ہیں۔ خط میں حساس سیکیورٹی ڈیوٹیز اور کسی بھی ممکنہ غیر متوقع یا ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوج کی تعیناتی کی درخواست کی گئی ہے۔پنجاب حکومت کی جانب سے پاک فوج کی 3 کمپنیوں کی خدمات 6 ماہ کے لیے مانگی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:جماعت اسلامی کے احتجاجی دھرنے، اڈیالہ سے نہیں کوٹ لکھپت جیل سے بڑی حمایت مل گئی
ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج کی تعیناتی کے لیے وفاقی سطح پر کارروائی جاری ہے اور معاملہ منظوری کے مراحل سے گزرے گا۔ذرائع کے مطابق پاک فوج کی تعیناتی وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد عمل میں آئے گی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے اس حوالے سے ضروری سمری تیار کرکے وفاقی حکومت کو بھجوائی گئی ہے۔
آئینی طور پر وفاقی حکومت کو آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے مسلح افواج کی تعیناتی کا اختیار حاصل ہے۔ راولپنڈی میں فوج کی تعیناتی کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔










