لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب میں فنی تعلیم کے معیار کو عالمی سطح پر بہتر بنانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے بورڈ ممبران کا اجلاس پیسک ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن کے حوالے سے عالمی اداروں کے ساتھ اشتراک کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور برطانوی ادارے سائنس انڈسٹری ایسوسی ایٹ سروسز (SIAS) کے مابین انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن کے حوالے سے ہونے والے معاہدے کی توثیق کی گئی۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور برطانوی ادارے کے درمیان انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن کے حوالے سے معاہدہ ہوا ہے، جو خوش آئند امر ہے۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ بیرون ملک عالمی اداروں سے سرٹیفائیڈ ہنرمند افرادی قوت کی بہت زیادہ طلب ہے، جبکہ یہ معاہدہ قانونی طریقے سے ہنرمند افرادی قوت کی ایکسپورٹ میں معاون ثابت ہوگا۔ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن مستقبل میں دیگر بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بھی انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن کے معاہدے کرے گا، جس سے فنی تعلیم کے معیار میں مزید بہتری آئے گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل معیاری فنی تعلیم کے فروغ سے جڑا ہے۔ نوجوانوں کو مختلف فنون کی تربیت دے کر انہیں بااختیار بنایا جاسکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز سے ٹیوٹا کے اداروں کی لیبارٹریز کو اپ گریڈ کیا گیا ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا سکل ڈویلپمنٹ پر خصوصی فوکس ہے اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کے متعدد اداروں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں جاری اصلاحات، ڈیجیٹائزیشن اور امتحانی نظام کو مزید شفاف بنانے کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ بورڈ میں امتحانی پیپرز کی مارکنگ کے عمل اور پریکٹیکل امتحانات کی ڈیجیٹائزیشن کردی گئی ہے، جس سے امتحانی نظام میں مزید شفافیت آئے گی۔
چیئرمین بورڈ ڈاکٹر فیصل محمود نے بتایا کہ معیاری فنی تعلیم کے فروغ اور امتحانی نظام میں شفافیت کے لیے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے امور کو ڈیجیٹلائز کیا گیا ہے۔ بورڈ کے امتحانی نظام سے فنی تعلیم کے 1171 ادارے وابستہ ہیں، جبکہ درخواستوں کے آن لائن پورٹل اور ون ونڈو آپریشن کی سہولت کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر فیصل محمود کے مطابق آن لائن ادائیگیوں کے لیے یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے، جبکہ بورڈ کے تحت ہونے والے امتحانات میں شریک طلبہ کی رول نمبر سلپس پر کیو آر کوڈ بھی متعارف کرا دیا گیا ہے۔
اجلاس میں پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کی ویب سائٹ کو اپ گریڈ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ صوبائی وزیر نے پی بی ٹی ای اور برطانوی ادارے ایس آئی اے ایس کے درمیان معاہدے پر تمام قواعد و ضوابط مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون فنی تعلیم اور ہنرمند افرادی قوت کے لیے اہم ثابت ہوگا۔
چوہدری شافع حسین نے ہوٹل مینجمنٹ اور ٹورازم کے شعبوں کو بھی اہم صنعت قرار دیتے ہوئے ان پر مزید کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں سیکرٹری بورڈ چوہدری محمد حفیظ اور دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی، جبکہ بعض ممبران ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔










