لاہور (پنجاب پوسٹ) جی سی یونیورسٹی کا مختلف ڈگری پروگرامز کی فیسوں میں 60 فیصد کمی کا فیصلہ
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (جی سی یو) نے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف ڈگری پروگرامز کی سمسٹر فیس میں نمایاں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ منتخب شعبہ جات کی فیس میں تقریباً 60 فیصد کمی کی جائے گی۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق بعض شعبہ جات میں سمسٹر فیس 68 ہزار روپے سے کم کرکے 30 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فیس میں کمی کا اطلاق اولڈ اور نیو دونوں کیمپسز میں متعلقہ شعبہ جات پر ہوگا۔
فیس میں کمی کا فیصلہ ان شعبہ جات میں داخلوں کی نسبتاً کم شرح کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ جن شعبہ جات کو اس رعایت میں شامل کیا گیا ہے ان میں آرکیالوجی، فارسی، اردو، ہسٹری سمیت دیگر 10 شعبے شامل ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فیسوں میں کمی سے طلبہ کو مالی رکاوٹوں کے بغیر معیاری تعلیم حاصل کرنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے، جبکہ ان پروگرامز میں داخلوں کی شرح میں بھی اضافے کی توقع ہے۔
اساتذہ نے یونیورسٹی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فیسوں میں کمی سے والدین پر پڑنے والے معاشی بوجھ میں نمایاں کمی آئے گی اور مستحق طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم مزید قابلِ رسائی اور کم خرچ ہو سکے گی۔
یونیورسٹی حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد مختلف تعلیمی شعبہ جات کو فروغ دینا اور زیادہ سے زیادہ طلبہ کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔











