لاہور (پنجاب پوسٹ) شہریوں کی سہولت اور ٹیکس ادائیگی میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے پنجاب ریونیو اتھارٹی سرگرم ہوگئی۔ پی آر اے نے صوبہ بھر کے ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور کافی شاپس میں صارفین کے لیے ہدایات نامہ جاری کردیا، جس کے تحت ریسٹورنٹس اور ہوٹلز میں کچن آرڈر، غیر ادا شدہ، پری یا عارضی بل جاری کرنا ممنوع ہوگا۔
پی آر اے کے مطابق تمام فوڈ چینز، ریسٹورنٹس اور کافی شاپس ہدایات نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کے پابند ہوں گے۔ شہریوں کو ریسٹورنٹس اور ہوٹلز سے خدمات لیتے وقت ڈیجیٹل رسید ضرور حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان پی آر اے کے مطابق کاروباری ادارہ ڈیجیٹل یا کارڈ کے ذریعے ادائیگی سے انکار کرے تو شہری فوری شکایت درج کروائیں۔ شہری صرف ادائیگی کے بعد رسید حاصل کریں اور رسید پر کاروباری ادارے کا نام، پتہ اور پی این ٹی این ضرور چیک کریں۔
یہ بھی پڑھیں: رواں سال کے 7 ماں میں پنجاب سے 1 لاکھ سے زائد اشتہاری کیسے پولیس کے شکنجے میں آئے؟
پی آر اے کے مطابق ڈیجیٹل رسید پر آرڈر کی مکمل تفصیل، ٹیکس کی شرح، ٹیکس سے پہلے رقم اور کل رقم درج ہونا لازم ہوگا، جبکہ رسید پر پی آر اے انوائس نمبر اور پی آر اے کیو آر کوڈ بھی موجود ہونا چاہیے۔ شہری رسید پر درج پی آر اے کیو آر کوڈ کے ذریعے رسید کی تفصیلات کی تصدیق بھی کرسکتے ہیں۔
ترجمان پی آر اے نے کہا ہے کہ ٹیکس ادائیگی میں شفافیت کے لیے شہری ڈیجیٹل رسید کا حصول یقینی بنائیں۔ ڈیجیٹل ادائیگی سے انکار کی صورت میں شہری پی آر اے کو فوری شکایت درج کرائیں۔
پی آر اے کے مطابق شکایات کے لیے شہری پی آر اے کی سوشل میڈیا سائٹس، سہولت ایپلی کیشن یا واٹس ایپ نمبر 0343-0000772 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ ترجمان پی آر اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے ادا کردہ ٹیکس کی حفاظت یقینی بنائیں۔










