پنجاب کے کن اضلاع میں بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی ہے؟ کیا سیلاب کا خطرہ ٹل گیا ہے؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے میں مون سون بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد سمیت متعدد علاقوں میں بارش متوقع ہے۔


لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور نورپور تھل میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں 20 اور 21 اگست کو بارش ہو سکتی ہے۔


پی ڈی ایم اے کے مطابق 17 سے 20 اگست تک راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ مون سون بارشوں کا چھٹا اسپیل 21 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو پیشگی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ ضروری اقدامات یقینی بنائے۔


پی ڈی ایم اے نے برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ کر دیا ہے۔


شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بوسیدہ اور کچے مکانات میں رہائش سے گریز کریں اور آندھی، طوفان یا شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر نہ کریں۔ شہری آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں اور گرج چمک کے دوران کھلے آسمان تلے جانے سے اجتناب کریں۔

پی ڈی ایم اے نے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ بچوں کا خصوصی خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب جانے سے روکیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

WhatsApp Image 2026 08 17 at 11.24.56 AM

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے