لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے متعلق پی ڈی ایم اے نے دریاؤں کی موجودہ صورتحال واضح کردی۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح نارمل ہے۔
پی ڈی ایم اے نے دریائے چناب میں ایک لاکھ 50 ہزار کیوسک کے سیلابی ریلے سے متعلق سوشل میڈیا اور مختلف چینلز پر چلنے والی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں۔ ترجمان کے مطابق دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ 61 ہزار کیوسک اور نارمل سطح پر ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل ہے، تاہم دریائے سندھ میں کالا باغ، تونسہ اور چشمہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ کالا باغ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 67 ہزار، چشمہ پر 3 لاکھ 24 ہزار جبکہ تونسہ کے مقام پر 3 لاکھ 41 ہزار کیوسک ہے۔
نارووال کے نالہ بسنتر میں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 68 فیصد بھر چکا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کا چھٹا سپیل 21 اگست تک جاری رہے گا۔ پی ڈی ایم اے پنجاب محکمہ آبپاشی، فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن اور ارسا کے ساتھ سیلابی صورتحال کے حوالے سے مکمل رابطے میں ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر دریاؤں، ڈیمز اور بیراجز کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ کے مطابق کسی بھی ممکنہ سیلابی ریلے کے پیش نظر انتظامیہ اور شہریوں کو پیشگی الرٹ جاری کیا جائے گا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے موسم اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیر و تفریح سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شہری بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں دریاؤں، ندی نالوں میں ہرگز نہانے نہ دیں۔










