یومِ آزادی پر ’لائف بوائے رن فار پاکستان‘، دنیا بھر کے پاکستانی ایک ساتھ دوڑیں گے
لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر ملک بھر اور دنیا کے مختلف حصوں میں مقیم پاکستانی رنرز ’لائف بوائے رن فار پاکستان 2026‘ میں شرکت کریں گے۔ اسپورٹس اِن پاکستان کے زیرِ اہتمام ہونے والی رننگ ایکٹیویٹی میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں بیک وقت آن گراؤنڈ ریسز ہوں گی، جبکہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی ورچوئل ریس کے ذریعے اس کا حصہ بنیں گے۔
کراچی میں ریس ڈی ایچ اے فیز 8، لاہور میں باغِ جناح اور اسلام آباد میں پی ایس بی اسپورٹس کمپلیکس سے شروع ہوگی۔ شرکا کے لیے 7، 14 اور 21 کلومیٹر کی 3 کیٹیگریز رکھی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں :جشن معرکہ حق شہر اقبال میں شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے میرا تھن، شہریوں کی بڑی تعداد شریک
اسپورٹس اِن پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شعیب نظامی نے کہا کہ رن فار پاکستان محض ایک ریس نہیں بلکہ کھیل، صحت، اتحاد اور وطن سے محبت کے اجتماعی اظہار کا ذریعہ ہے۔ ان کے مطابق دنیا کے کسی بھی حصے میں موجود پاکستانی اپنے شہر کے نمایاں مقام پر پاکستانی پرچم کے ساتھ دوڑ کر اس عالمی سرگرمی کا حصہ بن سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور سنگاپور کے سرمایہ کاروں کا پہلا ڈیجیٹل بینک، ہیوگو بینگ پاکستان میں کیسے کام کرے گا؟
انہوں نے کہا کہ اس سال ریس کی خصوصی خصوصیت ’ایئر آف قائدِاعظم میڈل‘ ہے، جو قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے 150 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے متعارف کرایا گیا ہے۔
لائف بوائے اس ایونٹ کا ٹائٹل اسپانسر ہے، جبکہ لاہور میں فالکن ٹرائیتھلون کلب اور اسلام آباد میں اسلام آباد رنرز کلب شراکت دار ہیں۔
منتظمین کے مطابق 3 بڑے شہروں میں بیک وقت ریس اور دنیا بھر سے پاکستانیوں کی ورچوئل شرکت کے ذریعے اس سرگرمی کو قومی یکجہتی، صحت مند طرزِ زندگی اور حب الوطنی کے اجتماعی اظہار میں تبدیل کرنے کا مقصد ہے۔
مزید پڑھیں : لاہور: جشن آزادی تقاریب، لبرٹی چوک اور حضوری باغ میں جشن کیسے منایا جائے گا؟ تمام تفصیلات سامنے آگئیں











