لاہور: جشن آزادی تقاریب، لبرٹی چوک اور حضوری باغ میں جشن کیسے منایا جائے گا؟ تمام تفصیلات سامنے آگئیں

لاہور (پنجاب پوسٹ) یومِ آزادی کی تقریبات کو شاندار اور یادگار بنانے کے لیے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لبرٹی چوک سمیت شہر کے مختلف اہم مقامات پر خصوصی تقریبات، میوزیکل کنسرٹ، آتش بازی اور دیگر سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا، جبکہ 14 اگست کو حضوری باغ، بادشاہی مسجد میں مرکزی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوگی۔

جشن آزادی کی تقریبات کے سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک اور ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر صدارت ٹاؤن ہال میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، ٹریفک پولیس، ریسکیو، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں یوم آزادی کے موقع پر لاہور میں ہونے والی مختلف تقریبات کے پُرامن، محفوظ اور منظم انعقاد کے لیے سیکیورٹی، ٹریفک، صفائی، پارکنگ، لائٹنگ اور شہری سہولیات سمیت دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تمام متعلقہ اداروں کو تقریبات کے لیے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق یوم آزادی کی تقریبات کو قومی جذبے کے ساتھ شاندار انداز میں منعقد کیا جائے گا۔ شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور تقریبات کے محفوظ انعقاد میں کوئی کمی نہیں چھوڑی جائے گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ یوم آزادی کی سرگرمیوں کا آغاز 9 اگست کو سائیکل ریلی سے ہوچکا ہے، جبکہ آزادی بائیک ریلی، کراٹے، پاور لفٹنگ، میٹ ریسلنگ، اسکواش اور دنگل سمیت مختلف کھیلوں اور عوامی سرگرمیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

13 اگست کو لبرٹی راؤنڈ آباؤٹ پر میوزیکل کنسرٹ اور شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا جائے گا، جبکہ 14 اگست کو حضوری باغ، بادشاہی مسجد لاہور میں مرکزی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوگی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی۔

یوم آزادی کے موقع پر لاہور کے اہم مقامات کو قومی رنگوں سے سجایا جا رہا ہے۔ نمایاں مقامات پر قومی ترانوں اور یوم آزادی کے موضوع پر مبنی مواد کے لیے ایس ایم ڈی اسکرینز نصب کی جا رہی ہیں، جبکہ اہم سرکاری و نجی عمارتوں کو خوبصورت قومی رنگوں کی لائٹنگ سے روشن کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن کے ذریعے انتظامات کو حتمی شکل دے رہی ہے۔ پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے سیکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

مشیر وزیراعلیٰ ذیشان ملک نے ہدایت کی کہ 13 اور 14 اگست کی مرکزی تقریبات سمیت تمام پروگرامز میں شہریوں کی سہولت، سیکیورٹی اور بہترین انتظامات کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں یوم آزادی کی تقریبات کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ شاندار اور یادگار جشن کے طور پر پیش کیا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے