لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب سول ڈیفنس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید آلات خرید لیے گئے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے سول ڈیفنس ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔سیکرٹری داخلہ نے سول ڈیفنس کے جدید آلات کی نمائش کا بھی معائنہ کیا۔
جدید آلات میں ایئر لفٹ ڈرون، بم ڈسپوزل روبوٹ، اینٹی ڈرون گن، الیکٹرک سائرن، بم ڈسپوزل سوٹ، بمب بلینکٹ، مائن ڈیٹیکٹرز، سنیک کیمرے، چپنگ ہیمرز، اینگولر گرائنڈرز، فائر ہوزز اور آگ بجھانے کے آلات شامل ہیں۔
سیکرٹری داخلہ کے مطابق جدید ایئر لفٹ ڈرون دشوار گزار مقامات پر مصیبت میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جبکہ سول ڈیفنس کا ایئر لفٹ ڈرون 200 کلوگرام وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سول ڈیفنس ہیڈکوارٹر کے تزئین و آرائش شدہ بلاک کا بھی افتتاح کردیا گیا ہے، جبکہ ڈائریکٹر سول ڈیفنس تسنیم علی خان اور ضیغم نواز نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کا کہنا تھا کہ سول ڈیفنس ریزیلینس کور محفوظ، باصلاحیت اور ذمہ دار پنجاب کی جانب اہم قدم ہے، حکومت پنجاب سول ڈیفنس کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امن اور جنگ کے دنوں میں سول ڈیفنس کی اہمیت یکساں ہے، ہر ہنگامی صورتحال میں سول ڈیفنس ضلعی انتظامیہ کا ہراول دستہ ہے۔
سیکرٹری داخلہ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے سول ڈیفنس رضاکاروں کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے اعزازیہ میں اضافہ کیا ہے، جبکہ اب تک ساڑھے 3 لاکھ سے زائد شہری بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔
تمام سول ڈیفنس رضاکاروں کو بیسک لائف سپورٹ کی تربیت بھی فراہم کی جارہی ہے تاکہ قدرتی آفات، حادثات یا بیماری کی صورت میں انسانی جانیں بچانے میں مدد فراہم کی جاسکے۔
سیکرٹری داخلہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی صلاحیت کے مطابق سول ڈیفنس میں بطور رضاکار شمولیت اختیار کریں۔












