لاہور(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا کریک ڈاؤن جاری ہے، فورس نے ایک ہفتے کے دوران صوبے بھر میں 40 کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 45 منشیات اسمگلروں کو گرفتار کر لیا۔
پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے مطابق کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 151 کلو منشیات برآمد کی گئی، جس کی مالیت کا تخمینہ 4 کروڑ 50 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ برآمد ہونے والی منشیات میں چرس، افیون، ہیروئن اور آئس شامل ہیں۔
کارروائیوں کے دوران گرفتار اسمگلروں کے قبضے سے 6 پستول، ایک ایس ایم جی، 2 رائفلیں اور ایک ڈرون بھی برآمد کیا گیا، جبکہ 1,175 ایکسٹیسی گولیاں اور 333 لیٹر شراب بھی قبضے میں لے لی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کمانڈر برگیڈیئر مظہر اقبال کے مطابق صوبے کے تمام اضلاع میں منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اگست 2025 سے اب تک 24.8 ٹن منشیات کی ترسیل ناکام بنائی جا چکی ہے، جس کی مالیت کا تخمینہ 2 ارب 26 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔












