لاہور چلڈرن ہسپتال، ویڈیو دو ماہ پرانی، زیر علاج بچوں کے والدین بچا ہوا کھانا ہسپتال کی الماریوں میں چھپا دیتے تھے، جس پر چوہے آئے، ہسپتال انتظامیہ نے وضاحت جاری کردی

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) لاہور میں بچوں کے معروف ہسپتال چلڈرن ہسپتال میں چوہوں کی وائرل ویڈیوز کے بارے میں ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے وضاحت جاری کردی گئی ہے ۔ انتظامیہ کے مطابق چلڈرن ہسپتال، لاہور کے سرجیکل وارڈ یونٹ 3، دوسری منزل کے ایمرجنسی بلاک سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کے حوالے سے وضاحت کی جاتی ہے کہ مذکورہ ویڈیو تقریباً دو ماہ پرانی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :لاہور ،چلڈرن ہسپتال میں چوہوں کا راج ،سرجیکل آپریشن تھیٹر میں چوہوں کی فوج امڈ آئی

پریس ریلیز کے مطابق اس معاملے کی مکمل تحقیقات کے لیے باقاعدہ کمیٹی تشکیل دی گئی، جس نے تفصیلی تحقیقات کے بعد یہ نشاندہی کی کہ ہسپتال میں زیر علاج بچوں اور ان کے والدین (تیمارداران) کو مختلف فلاحی تنظیموں کی جانب سے روزانہ مفت کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔ بعض اوقات والدین کھانے کا بچ جانے والا حصہ بعد میں استعمال کرنے کے لیے اپنے بیگز یا وارڈز میں موجود الماریوں میں محفوظ کر لیتے ہیں جس کے باعث کھانے کے باقیات کی موجودگی چوہوں کی آمد کا سبب بنتے ہیں۔

ہسپتال انتظامیہ نے واقعے کے فوری بعد اصلاحی اقدامات عمل میں لائے گئے اور متاثرہ مقامات کی مکمل صفائی اور جراثیم کش ادویات کے ذریعے صفائی کی گئی۔ اس ضمن میں سخت ہدایات جاری کی گئیں کہ کھانا صرف مختص کردہ جگہوں پر کھایا جائے اور وارڈز یا دیگر غیر مجاز مقامات پر کھانا کھانے یا بچا ہوا کھانا رکھنے کی ہر گز اجازت نہ ہو۔

مزید برآں، ہر کھانے کے بعد مختص کردہ مقامات کی فوری صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صفائی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ ایسے واقعات کی دوبارہ روک تھام کے لیے مسلسل نگرانی کا مؤثر نظام بھی قائم کیا گیا ہے۔

اس تمام عمل کی باضابطہ نگرانی ڈپٹی میڈیکل سپر ٹنڈنٹ اور ایڈیشل میڈیکل سپر ٹنڈنٹ کے معائنہ جات کے ذریعے کی جا رہی ہے جبکہ الیکشن کنٹرول کمیٹی صفائی، حفظان صحت اور الیکشن کی روک تھام سے متعلق مقررہ ضوابط پر عمل درآمد کی تصدیق اور نگرانی کی ذمہ دار ہے۔

ہسپتال انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ اصلاحی اقدامات کے نفاذ کے بعد اس نوعیت کا کوئی دوسرا واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔ ہسپتال کے ماحول کو صاف ستھرا، محفوظ اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق برقرار رکھنے کے لیے باقاعدہ معائنہ جات اور مسلسل نگرانی کا سلسلہ

جاری ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے