رحیم یار خان (پنجاب پوسٹ) تھانہ سٹی اے ڈویژن پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں بدنام زمانہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق نہر کنارہ نزد پائپاں والا پل پر ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو مسلح ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔
پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جس کی شناخت بدنام زمانہ اشرف عرف اچھری کے نام سے ہوئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ڈاکو کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے، جبکہ ملزم ڈکیتی اور چوری سمیت 37 سنگین مقدمات کا ریکارڈی نکلا۔
پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کا گھیراؤ کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
ڈی پی او عرفان علی سموں نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دی۔











