بہاولنگر( پنجاب پوسٹ)میں تھانہ بخشن خان کی حدود موضع شعلے غربی میں غیرت کے نام پر قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 27 سالہ خاتون ناذیہ بی بی کو مبینہ طور پر قتل کرنے کے بعد خاموشی سے دفنا دیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق مقتولہ اپنے شوہر سے کشیدگی اور ناچاقی کے باعث اپنے میکے میں رہائش پذیر تھی۔ مقتولہ کو اس کے بھائیوں اور دیگر ورثاء نے ناجائز تعلقات کے شبہ میں مبینہ طور پر قتل کیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے مقتولہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور مبینہ طور پر کرنٹ لگا کر قتل کیا، جبکہ جرم چھپانے کے لیے لاش کو بغیر قانونی کارروائی کے دفنا دیا گیا۔
واقعے کا ڈی پی او بہاولنگر نے نوٹس لیتے ہوئے تھانہ بخشن خان میں مقدمہ درج کروا دیا۔ پولیس نے قلیل وقت میں مرکزی ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔
ڈی پی او بہاولنگر کا کہنا ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے اور ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔











