لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب بھر میں انسدادِ سموگ کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صنعتی یونٹس، اینٹوں کے بھٹوں اور کمرشل ککنگ پوائنٹس کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، جن میں متعدد مقامات کو سیل کیا گیا جبکہ لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
ڈی جی ماحولیات عبداللہ نیئر شیخ کی نگرانی میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران 27 صنعتی یونٹس کی انسپیکشن کی گئی۔ خلاف ورزی پر 2 یونٹس کو سیل کر دیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 3 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
اسی طرح اینٹوں کے 68 بھٹوں کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 2 بھٹوں کو سیل کیا گیا اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔باربی کیو اور کمرشل ککنگ کے 18 مقامات کی چیکنگ کے دوران 10 مقامات پر سکشن ہڈز نصب کرائے گئے۔ ایک مقام کو سیل کیا گیا جبکہ 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ڈی جی ماحولیات عبداللہ نیئر شیخ نے واضح کیا ہے کہ آلودگی پھیلانے والوں کے ساتھ کسی صورت رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ سموگ کی روک تھام کے لیے نگرانی کا عمل مسلسل جاری ہے، جس کے لیے ڈرون اسکواڈ، نائٹ اسکواڈ اور ہاک آئی فیلڈ اسکواڈ فعال کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور کا اے کیو آئی 81 پر آ گیا،انٹرنیشنل درجہ بندی میں لاہور شہر 30ویں نمبر پر









