غیر قانونی افغان مہاجرین کی واپسی ، پنجاب سے 1 لاکھ 40 ہزار 468 افغان باشندے کیسے بھجوائے گئے؟

غیر قانونی افغان باشندوں کی واپسی کا عمل جاری، پنجاب سے ایک لاکھ 40 ہزار 468 افراد واپس

لاہور (پنجاب پوسٹ) محکمہ داخلہ پنجاب کے فارن نیشنل سکیورٹی سیل کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کا عمل جاری ہے، جبکہ صوبہ بھر میں غیر قانونی قیام کرنے والے غیر ملکی شہریوں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پاکستان سے اب تک مجموعی طور پر 26 لاکھ 89 ہزار 295 افغان باشندے واپس بھجوائے جا چکے ہیں، جن میں پنجاب سے واپس بھیجے جانے والے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار 468 ہے۔

مزید پڑھیں : افغان مہاجرین کا انخلاء، پنجاب سے کتنے مہاجر واپس بھجوائے گئے؟

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران رہائشی علاقوں اور مارکیٹس کی جانچ کی جا رہی ہے، جبکہ گرفتار کیے جانے والے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو ہولڈنگ سینٹرز منتقل کیا جاتا ہے۔ پنجاب میں اس وقت 39 ہولڈنگ سینٹرز فعال ہیں جہاں 188 افغان شہری موجود ہیں۔

ترجمان کے مطابق ہولڈنگ سینٹرز میں عارضی رہائش، رجسٹریشن اور وطن واپسی کے انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو طورخم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں : لاہور پولیس غیر قانونی مقیم افغان مہاجرین کو کیسے پکڑ رہی ہے، انہیں ڈی پورٹ کرنے کیلئے کیا کیا جارہا ہے؟

محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ حکومت کی پالیسی کے مطابق قابلِ قبول ویزا کے بغیر قیام کرنے والے افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ قانونی حیثیت رکھنے والے افراد کو اس کارروائی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق فارن نیشنل سکیورٹی سیل صوبہ بھر میں کارروائیوں کی مانیٹرنگ اور متعلقہ اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کر رہا ہے۔ شہریوں سے غیر قانونی قیام، شناخت کی جعلسازی یا مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع ایمرجنسی 15 پر دینے کی اپیل کی گئی ہے، جبکہ اطلاع دینے والوں کی شناخت صیغہ راز میں رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے