لاہور ( پنجاب پوسٹ )غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی وطن واپسی کے لیے پنجاب میں محکمہ داخلہ کے فارن نیشنل سکیورٹی سیل کی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کے مطابق قومی پالیسی کے تحت بغیر قابلِ قبول ویزا کے مقیم افغان شہریوں کو واپس بھجوایا جا رہا ہے۔
اب تک ملک بھر سے مجموعی طور پر 25 لاکھ 88 ہزار 16 جبکہ پنجاب سے ایک لاکھ 38 ہزار 342 افغان شہریوں کو ان کے وطن روانہ کیا جا چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت افغان طالبان رجیم کیساتھ ملکر پاکستان میں دہشتگرد کارروائیاں کررہا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
محکمہ داخلہ کے مطابق صوبہ بھر میں رہائشی علاقوں اور مارکیٹوں کی جانچ مکمل کی گئی ہے اور گرفتار افراد کو رجسٹریشن اور عارضی قیام کے لیے ہولڈنگ سینٹرز منتقل کیا جاتا ہے۔ پنجاب میں اس وقت 36 ہولڈنگ سینٹرز فعال ہیں، جہاں 53 افغان شہری موجود ہیں۔
بعد ازاں انہیں طورخم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کیا جاتا ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ کارروائیاں صرف غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کی جا رہی ہیں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر قانونی قیام، شناختی جعلسازی یا مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دیں، جہاں اطلاع دہندگان کی شناخت خفیہ رکھی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں : پنجاب سے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کا انخلا تیز، 35 ہزار سے زائد افراد ڈی پورٹ











