ای چالان نادہندہ ٹاپ 100 گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
لاہور( پنجاب پوسٹ) میں ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ای چالان کے ٹاپ 100 ڈیفالٹرز گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ای چالان اسکواڈز کو ٹاپ 100 نادہندہ گاڑیوں کی فہرست فراہم کر دی گئی ہے، جبکہ سیف سٹی کے تعاون سے ان گاڑیوں کی مؤثر ٹریکنگ اور گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : 112 ای چالان کی نادہند موٹرسائیکل قبضے میں، لاہور ٹریفک پولیس کی بڑی کارروائی
کارروائی کے دوران ٹاپ ٹین ای چالان ڈیفالٹرز میں شامل ایک پک اپ گاڑی پکڑی گئی۔ پولیس کے مطابق مذکورہ گاڑی کے ڈرائیور نے ٹریفک قوانین کی 80 مرتبہ خلاف ورزی کی، جس پر 4 لاکھ 10 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد ہوئے۔ جرمانوں کا علم ہونے کے بعد مبینہ طور پر گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ لگائی گئی، تاہم اس نمبر پر بھی 21 ہزار روپے کے ای چالان ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں : ای چالان سے بچنے کیلئے نمبر پلیٹ کیساتھ چھیڑ کرنے والوں کی شامت آگئی
پولیس کے مطابق جعلی نمبر پلیٹ استعمال کرنے پر ملزم کے خلاف تھانہ نوانکوٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ عائد شدہ جرمانے ہر صورت وصول کیے جائیں گے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق ایسے ڈیفالٹرز کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے جنہوں نے متعدد مرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ ای چالان اسکواڈز کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیف سٹی کے ساتھ مل کر ایسی گاڑیوں کی مسلسل نگرانی اور مؤثر کارروائی یقینی بنائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب میں ای چالان جمع کروانے کی آج آخری تاریخ، کل سے کیا کارروائی ہوگی؟
ٹریفک پولیس کے مطابق ای چالان نادہندگان کے لیے پولیس کی 14 اہم سروسز کی فراہمی محدود کر دی گئی ہے۔ ان میں ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق بعض خدمات، کریکٹر سرٹیفکیٹ اور ویریفکیشن کی سہولیات شامل ہیں۔
حکام کے مطابق سیف سٹی، پولیس خدمت مراکز اور لائسنسنگ سسٹم کو باہمی طور پر مربوط کر دیا گیا ہے تاکہ ای چالان نادہندگان کی شناخت اور کارروائی کے عمل کو مؤثر بنایا جا سکے۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ ای چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹس میں ردوبدل یا جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی جاری رہے گی۔ ان کے مطابق ٹریفک نظام کو مزید ڈیجیٹل اور منظم بنانے کا مقصد شہریوں کے تحفظ اور سڑکوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنانا ہے۔
مزید پڑھیں : لاہور میں ای چالان نادہند گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 1 لاکھ 25 ہزار 600 روپے جرمانے والی پراڈو پکڑی گئی












