ای چالان سے بچنے کیلئے نمبر پلیٹ کیساتھ چھیڑ کرنے والوں کی شامت آگئی

لاہور ( پنجاب پوسٹ) ای چالان سے بچنے کے لیے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی نمبر پلیٹس میں ردوبدل کرنے والوں کے خلاف ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ شہر میں ماہ جون کے دوران جعلی اور بوگس نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر 71 موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں ماہ بغیر نمبر پلیٹس یا "اپلائیڈ فار” نمبر کے ساتھ چلنے والی 7 ہزار 849 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے۔

اسی طرح فینسی نمبر پلیٹس یا ایکسائز کے مقررہ نمونے کے برعکس نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر 4 ہزار 559 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ نمبر پلیٹس کو جان بوجھ کر ٹیڑھا میڑھا کرنے، توڑنے یا ماڈل چھپانے پر 4 ہزار 579 گاڑیوں کو چالان کیا گیا۔

حکام کے مطابق مہم کے دوران معمولی خلاف ورزیوں پر 40 ہزار سے زائد گاڑی اور موٹرسائیکل مالکان کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی گئی۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانے پر کار کو 3 ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل کو ایک ہزار روپے جرمانہ کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بوگس نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمات بھی درج کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گاڑی کی ملکیت منتقل کروانے کی صورت میں پرانے رجسٹریشن نمبر کے بجائے اپنا نیا یونیورسل رجسٹریشن نمبر لازمی استعمال کریں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے