لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ٹریفک پولیس نے ای چالان نادہندگان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران وحدت روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے 112 ای چالان کی نادہند موٹرسائیکل قبضے میں لے لی، جس پر مجموعی طور پر 2 لاکھ 7 ہزار 800 روپے کے جرمانے واجب الادا تھے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق موٹرسائیکل کا ریکارڈ چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ مالک نے 55 مرتبہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلائی، 20 بار ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی، 28 مرتبہ لین لائن کی خلاف ورزی اور 8 بار اوور اسپیڈنگ کی۔
یہ بھی پڑھیں: 25 لاکھ روپے سر کی قیمت والا خطرناک ڈاکو بشیر سیلرا ساتھی سمیت گرفتار
ٹریفک پولیس نے موٹرسائیکل کو تھانہ وحدت روڈ میں بند کر دیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ ای چالان کی ادائیگی نہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری ہیں۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ بھاری جرمانوں سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔ سی ٹی او لاہور کا مزید کہنا تھا کہ ای چالان نادہندگان پولیس سروسز سے بھی استفادہ حاصل نہیں کر سکیں گے۔









