لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت لاہور ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا آن فیلڈ جائزہ لینے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب زید بن مقصود نے فیروزوالہ، مریدکے اور کوٹ عبدالمالک میں مختلف منصوبوں کا دورہ کیا، جہاں جاری ترقیاتی کاموں، تعمیراتی معیار اور منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی گئی۔
دورے کے دوران کمشنر لاہور ڈویژن نعمان یوسف اور ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا عدیل بھی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے ہمراہ تھے۔ حکام نے مریدکے، فیروزوالہ اور کوٹ عبدالمالک میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
حکام کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ترقیاتی پروگرام کے تحت شیخوپورہ میں مجموعی طور پر 17 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ ان منصوبوں میں بارش کے پانی کی نکاسی اور شہری علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مختلف منصوبے بھی شامل ہیں، جن کی تکمیل سے مون سون کے دوران شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی آنے کی توقع ہے۔
مریدکے میں مین انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک کا سول ورک مکمل کر لیا گیا ہے، تاہم پمپنگ مشینری کی خریداری کا عمل ابھی باقی ہے۔ حکام نے منصوبے کے آئندہ مراحل کو جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
بریفنگ کے مطابق مریدکے میں بارش کے باعث 370 رننگ فٹ اسٹورم واٹر ڈرین پر کام عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے ہدایت کی کہ بارش کے باعث متاثر ہونے والے ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد بحال کیا جائے تاکہ منصوبوں کی رفتار برقرار رکھی جا سکے۔
کوٹ عبدالمالک میں اسٹورم واٹر ڈرین کے 3200 رننگ فٹ کام کو مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ فیروزوالہ میں ایک ڈسپوزل اسٹیشن پر بھی کام شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام نے متعلقہ اداروں کو تعمیراتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے اور مقررہ مدت کے اندر منصوبے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب زید بن مقصود نے ہدایت کی کہ مریدکے اسٹورم واٹر ڈرین 30 اگست جبکہ کوٹ عبدالمالک ڈرین 30 ستمبر تک مکمل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے باعث متاثرہ کام جلد بحال کرکے منصوبوں کی رفتار برقرار رکھی جائے۔
زید بن مقصود کا کہنا تھا کہ جاری منصوبوں کی تکمیل سے شہری علاقوں میں بارش کے پانی کے دیرپا انتظام میں مدد ملے گی۔ انہوں نے ترقیاتی سائٹس پر سیفٹی پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور رفتار دونوں کو یقینی بنایا جائے اور منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔















