موٹروے پر صفائی مہم، سکھیکی کے بعد سیال، 11 کا معائنہ،4 معروف فوڈ آوٹ لیٹ سیل

سرگودھا(پنجاب پوسٹ)موٹروے ایم ٹو بھیرہ اور سیال موڑ سروس ایریاز میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مسافروں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بڑا کریک ڈاؤن کیا۔ معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ اور ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں 11 فوڈ پوائنٹس کی تفصیلی چیکنگ کی گئی۔

معائنے کے دوران متعدد فوڈ پوائنٹس پر صفائی کے ناقص انتظامات، حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور خوراک کے معیار سے متعلق سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ ناقص صفائی اور غیر معیاری انتظامات پر 4 معروف فوڈ آؤٹ لیٹس کو فوری طور پر بند کر دیا گیا۔

فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے مزید کارروائی کرتے ہوئے انتہائی ناقص انتظامات کے مرتکب 4 فوڈ پوائنٹس پر مجموعی طور پر 27 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے۔ کارروائی کے دوران 400 کلو مردہ جانوروں کا گوشت بھی برآمد کرکے تلف کر دیا گیا۔

معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ نے اس موقع پر کہا کہ موٹروے پر سفر کرنے والے شہریوں کو معیاری، صاف اور محفوظ خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خوراک کے معیار اور صفائی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے فوڈ پوائنٹس کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے