لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پنجاب ریونیو اتھارٹی نے صوبہ بھر میں الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم (EIMS) کے مکمل نفاذ کے لیے زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے شعبے میں ٹیکس چوری، جعلی رسیدوں اور سیلز ریکارڈ میں خردبرد کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے تاکہ ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔
یہ فیصلہ چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، جس میں ٹیکس ریونیو اہداف کے حصول کے لیے مختلف فیلڈ فارمیشنز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ریونیو بڑھانے، انفورسمنٹ کو مؤثر بنانے اور ڈیجیٹل نگرانی کے نظام کو مزید فعال کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کی جانب سے جاری کی جانے والی اصل رسید پر موجود تمام تفصیلات اور کیو آر کوڈ نمایاں طور پر آویزاں کیے جائیں گے تاکہ صارفین آسانی سے رسید کی تصدیق کر سکیں اور جعلی رسیدوں کے ذریعے ٹیکس چوری کی حوصلہ شکنی ہو۔
چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا نے ہدایت کی کہ سیلز ریکارڈ میں جعلسازی کرنے والے عناصر کی جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کڑی نگرانی کی جائے گی، جبکہ تمام اضلاع میں انفورسمنٹ ٹیمیں جعلی رسیدوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر اور تیز کریں۔
انہوں نے کہا کہ نئے سیکٹرز میں ریونیو اہداف حاصل کرنے کے لیے انفورسمنٹ ٹیموں کی استعداد کار میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم کے مکمل نفاذ میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور مؤثر انداز میں انجام دیں۔














