ستھرا پنجاب دل کے قریب، ورکرز کو ہر ماہ 5 تاریخ کو تنخواہ دی جائے، مریم نواز کی ہدایات ، کن شہروں کو شاباش دی اور کس کی کارکردگی سے مطمئن نہیں؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ستھرا پنجاب کا خصوصی جائزہ اجلاس ہوا، جس میں صفائی کے نظام میں مزید بہتری کے لیے اہم احکامات جاری کیے گئے۔ وزیراعلیٰ نے ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن، مرکزی شاہراہوں کی صبح سویرے صفائی، خالی پلاٹوں، پارکس، گرین بیلٹس، منڈیوں اور ریلوے ٹریک کے اطراف صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کردی، جبکہ ورکرز کی تنخواہیں ہر ماہ 5 تاریخ تک ادا کرنے اور غفلت پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب ورکرز کو ہر ماہ کی 5 تاریخ تک تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر پر فوری ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے ستھرا پنجاب کمپنیوں سے ورکرز کو ماہانہ ادائیگی کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ستھرا پنجاب ان کے دل کے بہت قریب ہے، مزید نتائج کے لیے مزید محنت کرنا ہوگی۔ انہوں نے مارکیٹوں، بازاروں اور کمرشل ایریاز میں یکساں طرز کی ڈسٹ بن اور گاربیج بیگ استعمال کرنے اور کمرشل ایریاز سے ویسٹ اٹھانے کے لیے اوقات کار مقرر کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے صبح پانچ بجے مرکزی سڑکوں کی دھلائی اور صفائی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ مختلف علاقوں میں خالی پلاٹس، گلی محلوں، پارکس، گرین بیلٹس، تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کے گرد و نواح کی صفائی پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی۔

مریم نواز شریف نے شہروں کے داخلی و خارجی راستوں کی روزانہ بروقت صفائی اور ریلوے ٹریک کے اردگرد اربن ایریاز کی صفائی کے لیے اقدامات کا حکم دیا۔ سبزی و فروٹ منڈیوں کی صفائی پر خصوصی فوکس کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ستھرا پنجاب میں کام نہ کرنے والوں کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کنٹریکٹرز کو جرمانے سے قبل 24 گھنٹے میں بہتری لانے کی مہلت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جرمانہ کرنا مقصد نہیں بلکہ صفائی یقینی بنانا ہے۔

اجلاس میں لاہور، خانیوال، اوکاڑہ، اٹک، قصور اور مری سمیت دیگر علاقوں کی کارکردگی کو سراہا گیا، جبکہ فیصل آباد، سیالکوٹ اور شیخوپورہ سمیت دیگر علاقوں کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے ستھرا پنجاب کے فیلڈ مانیٹرنگ افسران کے لیے یکساں یونیفارم اور بائیکس کو برانڈ کرنے کی ہدایت کی۔ ستھرا پنجاب میں ورکرز سے افسر تک ہر سطح پر کارکردگی جانچنے کے لیے ایس او پیز تشکیل دینے کا بھی حکم دیا گیا۔

علاقائی ضروریات کے مطابق ورکرز اور میکینکل مشینری کی ضروریات پوری کرنے، ستھرا پنجاب کے کنٹریکٹرز کی واجب الادا رقوم کی جلد از جلد ادائیگی اور گاڑیوں، کنٹینرز اور ویسٹ کلیکشن پوائنٹس کی باقاعدگی سے صفائی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے سات روز بعد دوبارہ اجلاس طلب کرلیا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے