ساہیوال(پنجاب پوسٹ)اینٹی کرپشن نے کارروائی کرتے ہوئے سیڈ کارپوریشن کے فیلڈ انسپکٹر کو شہری سے 30 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا، کارروائی کے دوران ملزم سے نشان زدہ نوٹ بھی برآمد کر لیے گئے۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق فیلڈ انسپکٹر محمد منیر شہری سے 30 ہزار روپے رشوت وصول کر رہا تھا، جس پر شہری کی شکایت پر اینٹی کرپشن ٹیم نے کارروائی کا منصوبہ بنایا۔
سرکل آفیسر صہیب قیصر نے مجسٹریٹ کی نگرانی میں ٹیم کے ہمراہ کامیاب ریڈ کیا۔ کارروائی کے دوران فیلڈ انسپکٹر محمد منیر کو مبینہ طور پر رشوت کی رقم وصول کرتے ہوئے موقع پر ہی قابو کر لیا گیا۔
اینٹی کرپشن ٹیم نے ملزم کے قبضے سے نشان زدہ نوٹ برآمد کر لیے، جبکہ کارروائی کے تمام مراحل مجسٹریٹ کی نگرانی میں مکمل کیے گئے۔
حکام کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن ساہیوال میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ واقعے سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔













