ای چالان سسٹم کا باقاعدہ آغاز: چنیوٹ میں ٹریفک قوانین کی پاسداری اور سیکیورٹی کے لیے سیف سٹی پراجیکٹ فعال


لاہور (پنجاب پوسٹ) ضلع چنیوٹ میں ٹریفک نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت ای چالان سسٹم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈاکٹر نوید عاطف اور ایس ایس پی سیف سٹی رضا اللہ خان نے ایک اہم مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پراجیکٹ کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کیا۔

ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت شہر بھر کے اہم اور حساس مقامات پر جدید ترین کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں اور مرکزی کنٹرول روم سے مانیٹرنگ کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کے قیام سے نہ صرف جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ پولیس کی مجموعی کارکردگی اور ردعمل کا وقت بھی پہلے سے کہیں بہتر ہوگا۔ ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ کیمرہ ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی خودکار (Auto Monitoring) نگرانی کی جائے گی، جس سے قانون کی بالادستی قائم کرنے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر ایس ایس پی سیف سٹی رضا اللہ خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چنیوٹ میں سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے بہاؤ اور قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے لیے سسٹم میں جدید ترین فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ای چالان کے جرمانوں سے بچنے اور اپنے سفر کو محفوظ بنانے کے لیے ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں۔

پولیس حکام نے عزم کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کا یہ استعمال چنیوٹ کو ایک محفوظ اور منظم شہر بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے