لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب حکومت نے انسانی اعضاء کی پیوندکاری کے شعبے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے صوبے کے مختلف ہسپتالوں کو ٹرانسپلانٹیشن کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کر دیے ہیں۔ حکومت پنجاب کی جانب سے ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز کو رینل ٹرانسپلانٹیشن، سلیم میموریل ہسپتال لاہور کو رینل ٹرانسپلانٹیشن جبکہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر لاہور کو پینکریاس ٹرانسپلانٹیشن کے لیے اگلے تین سال تک رجسٹریشن دی گئی ہے۔
پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر کو لیور اور رینل ٹرانسپلانٹیشن کے لیے بھی مزید چھ ماہ کے لیے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق تمام ہسپتالوں کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹس پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی (PHOTA) کی انسپکشن اور ایگزیکٹو کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں جاری کیے گئے ہیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی استعداد کار میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔
نظامِ صحت کی بہتری کے لیے تاریخی اور نمایاں اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، جبکہ PHOTA کے ذریعے ہزاروں انسانی زندگیوں کو بچانے میں مدد مل رہی ہے۔خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب صحت کے نئے اور منفرد پروگرامز کے ذریعے عوام کو اربوں روپے مالیت کے مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر چکی ہے۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی پروفیسر عامر زمان خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق PHOTA کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب میں انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث عناصر کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔













