پنجاب میں منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاون ، 21 ہزار زہر فروش جیل میں ، 70 ہزار علما منشیات کے خاتمے میں کردار ادا کریں ، سیکرٹری داخلہ

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) لاہور میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ڈی جی کاؤنٹر نارکوٹکس فورس پنجاب بریگیڈیئر مظہر اقبال نے الوداعی ملاقات کی، جس میں پنجاب میں منشیات کے خلاف جاری اقدامات، قانون پر عملدرآمد اور آگاہی مہم کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی جویریہ مقبول، میجر فرقان اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ صحت مند، پُرامن اور ہم آہنگ معاشرے کا قیام حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنا ایک مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ داخلہ پنجاب منشیات کی روک تھام کے لیے آگاہی مہم بھی چلا رہا ہے تاکہ عوام خصوصاً نوجوانوں میں اس ناسور کے خلاف شعور بیدار کیا جا سکے۔

سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹنس ایکٹ 1997 اور ڈرگز ایکٹ 1976 کے تحت منشیات کی تیاری، خرید و فروخت، ترسیل اور تقسیم سنگین جرائم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں منشیات کے خلاف سخت قوانین نافذ ہیں جن کے تحت 25 سال تک قید اور بھاری جرمانوں کی سزائیں دی جا رہی ہیں، جبکہ تعلیمی اداروں کے گردونواح میں منشیات کے استعمال یا فروخت میں ملوث افراد کے خلاف مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت پنجاب کی مختلف جیلوں میں 21 ہزار سے زائد قیدی منشیات کے استعمال یا خرید و فروخت کے مقدمات میں قید ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے منشیات کے خلاف مؤثر آگاہی کے لیے علماء کرام اور آئمہ مساجد کو بھی ساتھ ملایا ہے، جس کے تحت صوبے بھر کی رجسٹرڈ 70 ہزار مساجد کے آئمہ اپنے خطبات اور دروس میں منشیات کے نقصانات اور اس سے بچاؤ کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کر رہے ہیں۔

ڈی جی کاؤنٹر نارکوٹکس فورس پنجاب بریگیڈیئر مظہر اقبال نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی پراسیکیوٹرز تعینات کیے گئے ہیں تاکہ مقدمات کی بہتر پیروی ہو سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منشیات سے پاک، صحت مند اور محفوظ پنجاب کا قیام ادارے کا بنیادی ہدف ہے۔

بریگیڈیئر مظہر اقبال نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اگر وہ اپنے اردگرد منشیات سے متعلق کوئی مشکوک سرگرمی دیکھیں تو فوری طور پر پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی ہیلپ لائن 1012 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کرکے معاشرے کو منشیات کے ناسور سے محفوظ بنایا جا سکے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے