لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن نے میٹرک ٹیک، میٹرک ووکیشنل، میٹرک ووکیشنل (ہیئرنگ امپئیرڈ) اور ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرنگ (ڈی اے ای) کے پہلے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا۔ مختلف ٹیکنیکل اور ووکیشنل پروگرامز میں طلبہ و طالبات نے نمایاں کامیابی حاصل کی۔میٹرک ٹیک کے امتحان میں کامیابی کا مجموعی تناسب 73.73 فیصد رہا، جبکہ میٹرک ووکیشنل میں کامیابی کا تناسب 73.93 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ میٹرک ووکیشنل (ہیئرنگ امپئیرڈ) کے امتحان میں کامیابی کا مجموعی تناسب 87.13 فیصد رہا۔ڈی اے ای کے پہلے سال کے امتحان میں کامیابی کا تناسب 84.17 فیصد جبکہ دوسرے سال میں 65 فیصد رہا۔
میٹرک ٹیک میں الحرا پولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ، قائد آباد کے امیدوار مزمل بشیر نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ میٹرک ووکیشنل میں گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ، جلال پور پیروالہ کی امیدوار شازیہ احمد نے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔اسی طرح میٹرک ووکیشنل (ہیئرنگ امپئیرڈ) میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار دی ڈیف، گوجرانوالہ کی طالبہ ابیہا نے پہلی پوزیشن حاصل کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی۔چیئرمین پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈاکٹر فیصل محمود نے بروقت، شفاف اور معیاری انداز میں نتائج کی تیاری پر بورڈ کے عملے کو مبارک باد پیش کی۔
انہوں نے کامیاب امیدواروں بالخصوص پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کو دلی مبارک باد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔چیئرمین بورڈ ڈاکٹر فیصل محمود کے مطابق پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کے اعزاز میں جلد میڈل ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں میڈلز، اسناد اور دیگر انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔













