شیخوپورہ(پنجاب پوسٹ)میں شہری حدود سے بھینسوں کی حویلیاں ختم کرنے اور شہری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر عدیل تصور کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر عمران علی ہرل اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی جاوید چوہان نے متعلقہ عملے، پیر فورس اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے بھینسوں کو تحویل میں لے لیا اور مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہری حدود میں قائم بھینسوں کی حویلیاں نہ صرف صفائی اور نکاسی آب کے مسائل پیدا کر رہی تھیں بلکہ ماحولیاتی آلودگی اور شہریوں کے لیے مشکلات کا بھی باعث بن رہی تھیں۔ اسی مقصد کے تحت گوالوں کو پہلے ہی نوٹس جاری کیے گئے تھے تاکہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی بھینسیں شہری حدود سے باہر منتقل کر دیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نوٹس جاری ہونے کے باوجود 15 روز گزر جانے کے بعد بھی بیشتر مالکان نے احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے آپریشن کلین اپ کا آغاز کرتے ہوئے مختلف مقامات پر قائم بھینسوں کی حویلیوں پر کارروائی کی۔
اس دوران متعدد بھینسوں کو سرکاری تحویل میں لیا گیا جبکہ متعلقہ مالکان کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی۔ڈپٹی کمشنر عدیل تصور نے واضح کیا ہے کہ شہری حدود میں غیر قانونی طور پر بھینسیں رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور شہر کو صاف، صحت مند اور منظم بنانے کے لیے ایسے آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ شہری ماحول کو بہتر بنایا جا سکے۔













