اب شہر میں دن کے اوقات میں کوئی آئل ٹینکر دکھائی نہیں دے گا، لاہور ٹریفک پولیس کو یہ احکامات کیوں جاری کرنا پڑے؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ٹریفک پولیس نے مقررہ اوقاتِ کار کی خلاف ورزی پر ڈیفنس فیز 8 میں ایک آئل ٹینکر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کے مطابق مصروف اوقات میں آئل ٹینکر کی آمدورفت کے باعث شہریوں کو شدید ٹریفک مسائل کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔


سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق لاہور ٹریفک پولیس اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے درمیان آئل ٹینکرز کی نقل و حرکت کے اوقات پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس کے تحت مال روڈ، جیل روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ پر دن کے اوقات میں ہر قسم کے آئل ٹینکرز کا داخلہ ممنوع ہوگا، جبکہ ان شاہراہوں پر صرف رات 11 بجے سے صبح 7 بجے تک آمدورفت کی اجازت ہوگی۔


انہوں نے بتایا کہ شہر لاہور میں آئل ٹینکرز کو صبح 7 بجے سے 9 بجے، دوپہر 12:30 بجے سے 2:30 بجے اور شام 5 بجے سے 7 بجے تک داخلے اور نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ اتوار کے روز ان اوقاتِ کار کی پابندی لاگو نہیں ہوگی۔ مزید برآں، ہیوی ٹریفک بھی صرف رات 11 بجے سے صبح 7 بجے تک شہر میں نقل و حرکت کر سکے گی۔


سی ٹی او لاہور نے کہا کہ اوقاتِ کار کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ شیخوپورہ سے مشرقی لاہور آنے والے آئل ٹینکرز رنگ روڈ اور کینال روڈ استعمال کریں گے۔ آئل ٹینکر ڈرائیورز کو محفوظ ڈرائیونگ کے لیے ریفریشر کورس کرانے اور گاڑیوں میں ڈیش کیم اور فرنٹ کیم نصب کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔


سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کا مقصد ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا، مہلک حادثات کی روک تھام اور شہریوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی تحفظ لاہور ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ٹریفک قوانین پر ہر صورت عمل درآمد کرایا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے